لاہور۔3نومبر (اے پی پی):جمرود کلب سلیکون ویلی کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 50رکنی سکھ وفد کے رہنما رنجیت سنگھ کاہلوں نے اقلیتی برادریوں بالخصوص سکھوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔
اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران رنجیت سنگھ کاہلوں نے پاکستان میں سکھوں کو فراہم کئے جانے والے محفوظ اور باعزت ماحول کی تعریف کی اور کہا کہ سکھ برادری پورے ملک میں بھر پور مذہبی و ثقافتی آزادی کے ساتھ پرامن طریقے سے رہ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم سے مختلف برادریوں کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں اور ان کے مابین اتحاد و باہمی احترام کو فروغ حاصل ہو رہا ہے،وفد کا ایک ہفتہ طویل دورہ پاکستان اور بیرون ملک سکھوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور خیرسگالی کا بھی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کی بہت زیادہ گنجائش ہے اور سکھ برادری پرامن ماحول میں آزادانہ طور پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ وفد کے دیگر اہم ارکان میں ڈاکٹر دلیر سنگھ پنی، سرجیت سنگھ ہاٹ اور لکھمن سنگھ منگنت شامل تھے۔