جنرل ہسپتال میں مریضوں ان کے لواحقین، ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس کی سہولت کیلئے اندرونی سڑکوں کی کارپٹنگ کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا
جنرل ہسپتال میں مریضوں ان کے لواحقین کی سہولت کیلئے اندرونی سڑکوں کی کارپٹنگ کا منصوبہ مکمل
لاہور۔31اگست (اے پی پی):جنرل ہسپتال میں مریضوں ان کے لواحقین، ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس کی سہولت کیلئے اندرونی سڑکوں کی کارپٹنگ کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے بتایا کہ اندرونی سڑکوں کی بحالی اور تعمیر کی کاوشیں گزشتہ ایک سال سے جاری تھیں محدود وسائل کے باوجود موثر منصوبہ بندی اور ٹیم ورک کے ذریعے یہ کام مکمل کیا گیا سڑکوں کی کارپٹنگ سے اب مریضوں اور ان کے لواحقین کو ہسپتال کے اندر آمدورفت اور ایک شعبے سے دوسرے شعبے تک منتقلی میں نمایاں آسانی میسر آئے گی۔ ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس کو بھی اپنے فرائض اور تربیت کے دوران بہتر اور محفوظ ماحول فراہم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں روزانہ تقریبا30 ہزار افراد (مریض، لواحقین، ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس) ہسپتال کا رخ کرتے ہیں اب انہیں اندرونی سڑکوں پر آمدورفت میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے تعاون کرنے والے تمام مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو خوشگوار ماحول اور بہتر سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے وسائل کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا اور محدود وسائل میں بہترین نتائج کا حصول ہی موثر انتظامی حکمتِ عملی ہے ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے کے لیے دیگر اقدامات بھی جاری رہیں گے۔









