جنوبی افریقا کی ایس اے 20 لیگ کے پانچویں سیزن کی تاریخوں کا اعلان، فائنل 21 فروری کو ہوگا

جنوبی افریقاکی مقبول ٹی 20 لیگ ایس اے 20کے 2027 کے سیزن کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جو 17 جنوری سے 21 فروری 2027 تک کھیلا جائے گا

کیپ ٹاؤن۔23جولائی (اے پی پی):جنوبی افریقاکی مقبول ٹی 20 لیگ ایس اے 20کے 2027 کے سیزن کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جو 17 جنوری سے 21 فروری 2027 تک کھیلا جائے گا۔ ای ایس پی این کے مطابق ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن سن رائزرز ایسٹرن کیپ اور پریٹوریا کیپٹل کے درمیان پورٹ الزبتھ (کیبرہا) کے سينٹ جارجز پارک میں ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل معرکہ 21 فروری کو کیپ ٹاؤن کے تاریخی نیولینڈز گراؤنڈ میں سجایا جائے گا۔

ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں چوتھے ہفتہ کو ڈبل ہیڈرز میچز کھیلے جائیں گے جبکہ لیگ سٹیج کا آخری میچ 14 فروری کو ایم آئی کیپ ٹاؤن اور پریٹوریا کیپٹل کے درمیان ہوگا۔ ایس اے 20 کے لیگ کمشنر گریم سمتھ کا کہنا تھا کہ پانچویں سیزن کا آغاز گزشتہ سیزن کے سنسنی خیز فائنلسٹ ٹیموں سے کرنا ایک بہترین شروعات ہے۔ واضح رہے کہ پارل کا بولینڈ پارک پہلی بار پلے آف کے کوالیفائر 1 میچ کی میزبانی کرے گا جبکہ باقی پلے آف میچز جوہانسبرگ کے وانڈررز سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔