سیئول۔29دسمبر (اے پی پی):جنوبی کوریا کے موآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ رن وے سے اُتر کر حفاظتی دیوار سے ٹکراگیا جس کےنتیجے میں 85 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اردو نیوز کے مطابق جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر موآن میں مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں 85 افراد جاں بحق ہو گئے۔جنوبی کوریا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نےبیان میں بتایا کہ حادثہ اتوار کو اُس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز سی 22167 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے 175 مسافروں اور عملے کے چھ ارکان کو لے کر مقامی وقت کے مطابق صبح9بجے ملک کے جنوب میں واقع ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہی تھی۔
فائر بریگیڈ کےاہلکار نے بتایا کہ33 نعشیں نکال لی گئی ہیں تاہم یہ تعداد حتمی نہیں ہے۔حکام اور وزارت ٹرانسپورٹ نے اموات کی رپورٹس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ نے رپورٹ کیا ہے کہ تین افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ملک کے جنوب مغربی شہر موآن کے ایئرپورٹ پر آگ بجھانے کے لیے موجود اہلکار کا کہنا ہے کہ دو افراد کو زندہ پایا گیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایئرپورٹ کے اہلکار نے بتایا کہ حکام طیارے کے ٹیل سیکشن (پچھلے حصّے) میں لوگوں کو بچانے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ایوی ایشن ٹریکنگ سائٹ فلائٹ راڈار 24 نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا جہاز بوئنگ طیارہ 737-800 معلوم ہوتا ہے تاہم بوئنگ نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ موک کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ریسکیو کی ہرممکن کارروائی کا حکم دیا ہے۔قائم مقام صدر کے چیف آف سٹاف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔جیجو ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرلائن رپورٹس کی جانچ کر رہی ہے۔