جنوبی کوریا کا مصنوعی ذہانت پر خرچ میں تین گنا اور دفاعی بجٹ میں تاریخی اضافے کا اعلان

سیئول۔4نومبر (اے پی پی):جنوبی کوریا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر خرچ تین گنا بڑھانے اور دفاعی بجٹ میں چھ سال میں سب سے بڑااضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ اعلان جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے منگل کو پارلیمنٹ میں اپنے سالانہ بجٹ خطاب کے دوران کیا۔جنوبی کورین صدر نے کہا کہ حکومت مصنوعی ذہانت کیلئے 101 کھرب وون (7 ارب …

سیئول۔4نومبر (اے پی پی):جنوبی کوریا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر خرچ تین گنا بڑھانے اور دفاعی بجٹ میں چھ سال میں سب سے بڑااضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ اعلان جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے منگل کو پارلیمنٹ میں اپنے سالانہ بجٹ خطاب کے دوران کیا۔جنوبی کورین صدر نے کہا کہ حکومت مصنوعی ذہانت کیلئے 101 کھرب وون (7 ارب امریکی ڈالر) مختص کرے گی تاکہ جنوبی کوریا کو دنیا کی تین بڑی اے آئی طاقتوں میں شامل کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ ہم مصنوعی ذہانت کے دور کے آغاز کے لیے سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کریں گے، یہ رقم رواں سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

کل قومی بجٹ کا حجم 7280 کھرب وون رکھا گیا ہے جو رواں سال کے مقابلے میں 8.1 فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر لی جے میونگ کی جماعت کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے اور اس بجٹ کے منظور ہونے کے امکانات روشن ہیں۔دفاعی بجٹ میں 8.2 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے جس سے اس کی کل رقم 663 کھرب وون ہو جائے گی جو 2019 کے بعد سب سے بڑا اضافہ ہو گا۔جنوبی کورین صدر نے کہاکہ ہم اپنے روایتی اسلحہ نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کریں گے اور فوج کو ایک ایلیٹ اور سمارٹ فورس میں تبدیل کریں گے۔

مصنوعی ذہانت کے شعبے کے لیے اگلے سال کے بجٹ میں 26 کھرب وون صنعتی و عوامی استعمال کے لیے اور 75 کھرب وون تربیت و انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے مختص کیے جائیں گے۔جنوبی کوریا سامسنگ الیکٹرانکس اور ایس کے ہائنکس جیسے دو عالمی میموری چِپ ساز اداروں کا ملک ہے جو اے آئی مصنوعات اور ان سے وابستہ ڈیٹا سینٹرز کے لیے اہم چپس تیار کرتے ہیں۔ لی جے میونگ نے واضح کیا کہ جنوبی کوریا کا دفاعی بجٹ شمالی کوریا کی سالانہ مجموعی قومی آمدنی سے 1.4 گنا زیادہ ہے اور ملک عالمی عسکری طاقت میں پانچویں نمبر پر ہے۔