حکومت پاکستان کی دعوت پر جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی
جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):حکومت پاکستان کی دعوت پر جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی۔ پیر کے روز وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان چار بین الاقوامی ٹیسٹ میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے دورے سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی سرگرمیوں کی بحالی کو نئی تقویت ملے گی۔ یہ دورہ ملک میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق وزیراعظم پاکستان کے وژن کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کا دورہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے سے پاکستان کے پرامن اور محفوظ تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کی اسپورٹس سفارت کاری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مہمان ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔








