وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے روٹری انٹرنیشنل کے صدرکی ملاقات ،پولیو کے خاتمہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے روٹری انٹرنیشنل کے صدر لیری اے لنس فورڈ نے ملاقات کی اورپولیو کے خاتمے، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور بچوں کی صحت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

کراچی۔ 27 جولائی (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے روٹری انٹرنیشنل کے صدر لیری اے لنس فورڈ نے ملاقات کی اورپولیو کے خاتمے، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور بچوں کی صحت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔پیر کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،پولیو کے خلاف جنگ میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے پولیو کے خاتمے میں روٹری انٹرنیشنل کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس کی منتقلی کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔

ملاقات سیکرٹری ٹو سی ایم آصف جمیل، قائم مقام سیکرٹری صحت حفیظ عباسی، ای او سی کوآرڈینیٹر شہریار میمن جبکہ روٹری انٹرنیشنل کے وفد میں عزیز میمن، شہزاد صابر، فہد سکندر، جبار شیخ اور سلیم رائو شریک تھے۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ گزشتہ پانچ ماہ سے سندھ میں پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جون 2026میں صوبے کے 29میں سے 28 ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے منفی آئے، کراچی میں توسیعی عمر کے خصوصی پولیو مہم کے دوران 26 لاکھ بچوں کو ویکسین دی گئی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنا رہی ہے،پولیو کے خاتمے کے لیے نگرانی، معمول کی ویکسینیشن اور کمیونٹی شمولیت مزید مضبوط کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کے صدر لیری اے لنس فورڈ نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی،سندھ میں پولیو کے خلاف پیش رفت حوصلہ افزا اور قابلِ ستائش ہے، حکومت، کمیونٹیز اور شراکت دار اداروں کا اشتراک پولیو کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پولیو پروگرام، یو سی امیونائزیشن افسران اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کے لیے اضافی وسائل مختص کیے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پولیو فری سندھ اور پولیو فری پاکستان ہمارا مشترکہ ہدف ہے،بچوں کو پولیو سے محفوظ مستقبل فراہم کیا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پروزیراعلی سندھ اور صدر روٹری انٹرنیشنل نے پولیو کے مکمل خاتمے تک مشترکہ تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔