پی سی بی کا نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور چار ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈنے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور چار ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ون ڈے ٹورنامنٹ کے ساتھ ڈومیسٹک سیزن 2026-27 اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں فائنل سمیت مجموعی طور پر سات ون ڈے میچز ہوں گے۔ تمام ڈے اینڈ نائٹ میچز دوپہر …

لاہور۔27جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈنے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور چار ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ون ڈے ٹورنامنٹ کے ساتھ ڈومیسٹک سیزن 2026-27 اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں فائنل سمیت مجموعی طور پر سات ون ڈے میچز ہوں گے۔ تمام ڈے اینڈ نائٹ میچز دوپہر تین بجے شروع ہوں گے۔

نیشنل سلیکشن کمیٹی نے 11،11 کھلاڑیوں پر مشتمل چار ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ٹیمیں انجری یا کنکشن کی صورت میں ریزرو کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کر سکیں گی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کو ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ اپنی اپنی ٹیموں کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں عبدالصمد، حیدر علی، معاذ صداقت اور محمد نواز میدان میں اتریں گے۔ صاحبزادہ فرحان کی ٹیم میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت شامل ہیں۔صائم ایوب کی ٹیم میں علی رضا، حارث رئوف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان شامل کیے گئے ہیں، جبکہ شاداب خان کی قیادت میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس شامل ہوں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہاکہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی مخصوص ذمہ داریوں کے مطابق کھیلتے ہوئے آئندہ اہم بین الاقوامی ایونٹس، خصوصا آئی سی سی مینز ورلڈ کپ، کی بہتر انداز میں تیاری کر سکیں۔