جنوب مشرقی ایشیا میں قائم مجرم گروہ پاکستانیوں کو جعلی نوکریوں کے جھانسے دے کر شکار بنا رہے ہیں، عوام ایسی کسی بھی پیشکش کی مکمل تحقیق کر لیں، ڈائریکٹر ایف آئی اے

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )نےخبردار کیا ہےکہ جنوب مشرقی ایشیا میں قائم مجرم گروہ پاکستانیوں کو جعلی نوکریوں کے جھانسے دے کر شکار بنا رہے ہیں، عوام ایسی کسی بھی پیشکش کی مکمل تحقیق کر لیں تاکہ دھوکہ دہی کے جال میں پھنس کر شدید قانونی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کیپٹن (ر) علی ضیاء نے اتوار …

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )نےخبردار کیا ہےکہ جنوب مشرقی ایشیا میں قائم مجرم گروہ پاکستانیوں کو جعلی نوکریوں کے جھانسے دے کر شکار بنا رہے ہیں، عوام ایسی کسی بھی پیشکش کی مکمل تحقیق کر لیں تاکہ دھوکہ دہی کے جال میں پھنس کر شدید قانونی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کیپٹن (ر) علی ضیاء نے اتوار کو ایک انٹرویو میں عوام پر زور دیا کہ جنوب مشرقی ایشیا سے پھیلتے ہوئے نوکریوں کے بڑھتے ہوئے فراڈ سے ہوشیار رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سخت تصدیقی عمل اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ افراد جعلی نوکریوں کی آفر کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔علی ضیاء نے انکشاف کیا کہ رواں سال ان فراڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے والے 79 فیصد افراد ابھی تک واپس نہیں آ سکے اور استحصال کی صورتحال میں پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 15 سے 20 ہزار تک افراد اس فراڈ کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے بہت سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے ڈائریکٹر نے نشاندہی کی کہ تھائی لینڈ، میانمار، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا جیسے ممالک جو پہلے سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں، ان مجرم گروہوں کے لیے ہاٹ سپاٹ بن گئے ہیں۔متاثرین کو آئی ٹی اور کال سینٹرز جیسے شعبوں میں جعلی نوکریوں کے وعدے کئے جاتے ہیں لیکن اس کا نتیجہ خود کو غیر قانونی سرحد پار کرنے، جبری مشقت اور کئی کیسز میں حراست جیسی صورتحال میں سامنے آتا ہے۔

علی ضیاء نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک نوکری کی آفر کی فوری طور پر ایف آئی اے کو رپورٹ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایجنسی ان مجرم گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ علی ضیاء نے عوام سے کہا کہ دھوکہ باز ایجنٹوں کی طرف سے دکھائی جانے والی خوبصورت تصویر سے متاثر نہ ہوں بلکہ ان فراڈ کی تلخ حقیقت پر توجہ دیں۔انہوں نے نوکری تلاش کرنے والوں کو یاد دلایا کہ ایسی آفرز میں اکثر خطرناک خطرات چھپے ہوتے ہیں اور اس بڑھتے ہوئے بین الاقوامی استحصال کے نیٹ ورک کا حصہ بننے سے بچنے کے لیے تمام نوکریوں کی آفرز کو سرکاری اور قابل اعتماد ذرائع سے ضرور تصدیق کر لیں۔