وزیراعظم کے سیاحتی اقدام کے تحت گلگت بلتستان کی 464 کلومیٹر طویل سات سڑکیں وفاق کے حوالے کرنے کے لیے منتخب

وزیراعظم کے سیاحتی اقدام کے تحت گلگت بلتستان کی 464 کلومیٹر طویل سات سڑکیں وفاق کے حوالے کرنے کے لیے منتخب

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):حکومت نے وزیراعظم کے سیاحتی اقدام کے تحت گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 464 کلومیٹر طویل سات سڑکوں کو وفاق کے حوالے کرنے کے لیے منتخب کیا ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے میں خطے کی منتخب سڑکوں کی تعمیر، توسیع، بحالی اور طویل مدتی دیکھ بھال شامل ہے۔ان راستوں میں 54 کلومیٹر طویل استور-چلم چوکی روڈ، 31 کلومیٹر دیوسائی-سکردو روڈ، 100 کلومیٹر سکردو-خپلو روڈ، 17 کلومیٹر سکردو (تھورگو)-شگر روڈ اور 36 کلومیٹر کے کے ایچ-نلتر تا سترنگی جھیل روڈ شامل ہیں۔باقی دو راستوں میں 121 کلومیٹر طویل تھلیچی-استور-رتو-شونٹر روڈ اور 105 کلومیٹر طویل گوریکوٹ-شغرتھنگ-سکردو روڈ شامل ہیں، ان دونوں پر اس وقت تعمیراتی کام جاری ہے۔منتخب کی گئی سات سڑکوں کی مجموعی لمبائی 464 کلومیٹر ہے۔دستاویز کے مطابق اس تجویز کی گلگت بلتستان کابینہ پہلے ہی منظوری دے چکی ہے جبکہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ساتھ شیئر کی جا چکی ہے۔مجوزہ وفاقی تحویل کا مقصد وزیراعظم کے سیاحتی اقدام کے تحت ان سات سڑکوں کی تعمیر، توسیع، بحالی اور طویل مدتی دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے۔