پاکستان ایئر فورس نے ملک بھر کی تمام پی اے ایف بیسز پر7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا

پاکستان ایئر فورس نے ملک بھر کی تمام پی اے ایف بیسز پر7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا

راولپنڈی۔7ستمبر (اے پی پی):پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے ملک بھر کی تمام پی اے ایف بیسز پر7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا، جس کا مقصد اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کی بہادری، شجاعت اور فرض سے بے مثال وابستگی کو سلام پیش کرنا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق یوم شہدا کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا ، معرکہ حق کے بہادر شہدا اور پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں کے لیے خصوصی دعا اور قرآن خوانی سے ہوا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ یوم شہدا کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ایئر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاک فضائیہ کے قابل فخر ورثے، بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کے بہادرانہ کارنامے محض تاریخ کے ابواب نہیں بلکہ ایک زندہ ورثہ ہیں جو موجودہ نسل پر ایک گہری ذمہ داری عائد کرتے ہیں۔شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے شہدا بہادری، قربانی اور قومی عزم کی لازوال علامت ہیں، ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مادر وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے جسے ہم ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔بعد ازاں ایئر چیف مارشل نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فضائیہ کے بہادر شہدا کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔