جنگ کی باقیات سے دور رہیں، شمالی غزہ کے بے گھر افراد کے لیے ہلال احمر کامشورہ

88

رام اللہ ۔28جنوری (اے پی پی):فلسطینی ہلال احمر نے گھروں کو واپس آنے والے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی غزہ میں جنگ کی باقیات سے دور رہیں۔العربیہ کے مطابق ہلال احمر کی طرف سے یہ ہدایت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوموار کو ہزاروں بے گھر افراد صبح سویرے سے ہی شمالی غزہ کی طرف واپسی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہلال احمر نے بتایا کہ بے گھر ہونے والوں کو صحت کی خدمات فراہم کرنے والے سینکڑوں رضاکار موجود ہیں۔ایمبولینسیں غزہ شہر اور شمالی غزہ کی پٹی میں لائی گئی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ شمالی غزہ میں طبی آلات کی فوری ضرورت ہے۔آج صبح لاکھوں بے گھر افراد نے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے شمالی غزہ کی وادی میں واپسی شروع کی۔ مشکل صورتحال کے باوجود لوگوں میں زبردست خوشی کی فضا تھی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بے گھر لوگ نہیں جانتے کہ وہ اپنے گھروں کے کھنڈرات پر کیسے زندگی بسر کریں گے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی میں 80 فیصد عمارتیں تباہی سے دوچار ہوچکی ہیں۔اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے سربراہ اچیم سٹینر نے اس سے قبل وضاحت کی تھی کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں دو تہائی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں 65 سے 70 فیصد کے درمیان عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنگ نے "60 سال کی ترقی ختم کر دی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ 42 ملین ٹن ملبے کو ہٹانا ایک خطرناک اور پیچیدہ عمل ہوگا۔