جنیوا۔9جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں شریک ممالک اور عالمی اداروں نے مجموعی طور پر 9 ارب ڈالر سے زائد امداد اور دیگر صورتوں میں مدد اور تعاون کا وعدہ کیا ہے، سیلاب متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے طویل شراکت داری ضروری ہے، انفراسٹرکچر کی بحالی پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے ذریعے ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جنیوا کانفرنس کے تیسرے سیشن میں ”موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات” کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے تین کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے کھڑی فصلوں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے، جنیوا کانفرنس میں شریک ممالک اور عالمی اداروں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 16 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جنیوا کانفرنس میں شریک ممالک اور اداروں نے مجموعی طور پر 9 ارب ڈالر سے زائد امداد کا وعدہ کیا جبکہ انہوں نے دیگر صورتوں میں مدد اور تعاون کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے طویل مدتی شراکت داری ضروری ہے، پاکستان میں انفراسٹرکچر کی بحالی پرائیویٹ پبلک شراکت داری کے تحت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جنیوا کانفرنس ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب کے باعث صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا، سندھ میں سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ 9 ارب ڈالر ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ عالمی برادری کے اظہار یکجہتی پر شکرگزار ہیں، امید ہے کہ عالمی برادری سیلاب متاثرین کیلئے اپنی مدد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں مدد کرنے والے ممالک اور اداروں کے شکرگزار ہیں، ڈیڑھ کروڑ سیلاب متاثرین کو فوری مدد کی ضرورت ہے، سیلاب سے تعلیمی اداروں، سکولوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے جن کی بحالی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
کانفرنس سے وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور ظفر جھگڑا نے بھی خطاب کیا اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے سیلاب کے نقصانات سے آگاہ کیا۔ کانفرنس کے تیسرے سیشن میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے جبکہ اس سیشن میں دیگر صوبوں سے سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔