پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں احتجاج اور بندوق کے بجائے علم، دلیل اور قلم کی طاقت سے اپنا مستقبل سنوارنا چاہیے، ہم نوجوانوں کو کلاشنکوف سے نفرت اور قلم سے محبت کا درس دیتے ہیں
جوان احتجاج یا بندوق کے بجائے قلم اور کتاب کو اپنا ہتھیار بنائیں، جمال شاہ کاکڑ کا ایم ایس ایف کے زیر اہتمام شمولیتی پروگرام سے خطاب

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 19 نومبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں احتجاج اور بندوق کے بجائے علم، دلیل اور قلم کی طاقت سے اپنا مستقبل سنوارنا چاہیے، ہم نوجوانوں کو کلاشنکوف سے نفرت اور قلم سے محبت کا درس دیتے ہیں، طلباء و طالبات ہی مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ سائنس کالج میں منعقدہ گرینڈ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حیدر خان اچکزئی، نثار خان اچکزئی، طارق گل، ہمایون خان، صدام خان اچکزئی، ذیشان احمد کاکڑ، عرفان خان کاکڑ، زوریس خان خلجی، مین خان نورزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ آج گورنمنٹ سائنس کالج میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اپنا طالب علمی کا دور یاد آرہا ہے، جب ان کے اساتذہ کہا کرتے تھے کہ آنے والا دور آپ کا ہوگا، اس وقت وہ حیران ہوتے تھے کہ یہ کیسے ممکن ہوگا، تاہم آج عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں اپنے اساتذہ کی باتیں یاد آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کے 50 سے زائد ممالک کا دورہ کر چکے ہیں، لیکن پاکستان جیسی خوبصورتی انہیں کہیں نظر نہیں آئی۔
جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کو ایک اہم مقام حاصل ہے اور قدرت نے ہمیں ایک بہترین ملک عطا کیا ہے، تاہم ہمارے قول و فعل میں تضاد کے باعث ملک کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے بلوچستان کو دانش اسکولز کا تحفہ دیا ہے جبکہ نوجوانوں میں ہزاروں لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے ہیں۔ نوجوان مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و ترقی پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ جب میاں محمد نواز شریف وزیراعظم تھے تو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں امریکہ کی جانب سے شدید دباؤ اور بھاری مالی پیشکش کے باوجود انہوں نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے چھ ایٹمی دھماکے کیے۔ اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کے لیے ان کے دروازے کھلے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی سمیت متعلقہ حکام سے گورنمنٹ سائنس کالج کے طلباء کے لیے اسٹڈی ٹورز کے انعقاد اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے بات کی جائے گی۔
انہوں نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ شعوری طور پر دلیل، علم اور کتاب کی بنیاد پر مقابلہ کریں، معاشرے میں مثبت سوچ اور تعلیمی رجحانات کو فروغ دیں، کیونکہ قوموں کی ترقی کا راستہ بندوق نہیں بلکہ علم و شعور سے ہو کر گزرتا ہے۔ بعد ازاں، جمال شاہ کاکڑ نے پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج پروفیسر رفیع اللہ سے ملاقات کی اور طلباء کو درپیش مسائل سے متعلق گفتگو کی۔







