جولائی 2026 کے مثبت معاشی اشاریے، معیشت میں استحکام اور اعتماد کی بحالی کا اظہار

جولائی 2026 کے دوران پاکستان کی معیشت کے اہم اشاریوں میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، جو معاشی استحکام، مالی نظم و ضبط اور بیرونی شعبے میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):جولائی 2026 کے دوران پاکستان کی معیشت کے اہم اشاریوں میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، جو معاشی استحکام، مالی نظم و ضبط اور بیرونی شعبے میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔

جولائی میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 31 جولائی تک 17.043 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں سمیت ملک کے مجموعی مائع زرمبادلہ ذخائر 22.475 ارب ڈالر رہے۔معاشی استحکام کے تناظر میں کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال، روپے کی قدر میں نسبتاً استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری بھی اہم مثبت اشاریے قرار دیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ٹیکس وصولیوں میں بہتری حکومتی محصولات بڑھانے اور مالیاتی خسارے کو قابو میں رکھنے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق بیرونی ادائیگیوں کی بہتر گنجائش، ترسیلاتِ زر میں اضافہ، زرمبادلہ ذخائر میں استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط معاشی اعتماد کی بحالی کے لیے اہم عوامل ہیں۔ یہ پیش رفت اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان معاشی اصلاحات، مالیاتی استحکام اور بیرونی شعبے کو مضبوط بنانے کی پالیسی کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری اصلاحاتی عمل، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور پیداواری شعبوں کی توسیع پر توجہ مستقبل میں معاشی استحکام کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔