راولپنڈی / اسلام آباد میں گزشتہ روز علی الصبح شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہو گیا ۔درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور شہریوں نے شدید گرمی اور حبس سے وقتی نجات حاصل کی۔
جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش، شمس آباد میں 54 ملی میٹر ریکارڈ، واسا ہائی الرٹ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 04 جون (اے پی پی):راولپنڈی / اسلام آباد میں گزشتہ روز علی الصبح شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہو گیا ۔درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور شہریوں نے شدید گرمی اور حبس سے وقتی نجات حاصل کی۔ بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم واسا، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متحرک رہے اور نکاسی آب کے انتظامات بروقت جاری رکھے گئے۔محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے مطابق سب سے زیادہ 54 ملی میٹر بارش شمس آباد میں ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات ہیڈکوارٹر H-8/2 میں 46 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 45 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 44 ملی میٹر، سیدپور ولیج میں 34 ملی میٹر، کچہری (چکلالہ کے قریب) میں 32 ملی میٹر، بوکرا (CTTI آئی-12) اور پیرودھائی میں 26، 26 ملی میٹر جبکہ گولڑہ (ای-11 کے قریب) میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی اوسط بارش 29.61 ملی میٹر رہی۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان نے بارش کے پیش نظر ادارے کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام فیلڈ افسران اور عملہ مکمل طور پر متحرک ہے۔ ان کی ہدایت پر لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈرپاس، مری روڈ، صادق آباد، کٹاریاں، پیرودھائی اور دیگر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں جبکہ ہیوی مشینری اور ڈی واٹرنگ آلات بھی فیلڈ میں موجود رہے۔
ترجمان واسا کے مطابق فیلڈ افسران خود مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے کام کی نگرانی کرتے رہے تاکہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ بارش کے دوران کمیٹی چوک انڈرپاس، مری روڈ اور دیگر اہم مقامات پر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی گئی۔ نالہ لئی کی بھی مسلسل مانیٹرنگ جاری رہی۔ واٹر لیول سینسرز کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 3 فٹ ریکارڈ کی گئی جو خطرے کی حد سے خاصی کم رہی۔ متعلقہ حکام کے مطابق کٹاریاں میں پری الرٹ لیول 11.4 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 8.3 فٹ مقرر ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے اور کسی قسم کے سیلابی خطرے یا ہنگامی حالت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
بارش کے باعث جڑواں شہروں کے پارکس، بازاروں اور تفریحی مقامات پر شہریوں کی بڑی تعداد نے خوشگوار موسم سے لطف اٹھایا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے بارش اور ٹھنڈے موسم کو خوش آئند قرار دیا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق بارش نے فضائی آلودگی میں کمی اور موسم میں بہتری لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں اور گٹروں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں، نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ پیدا نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آئندہ چند گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔








