جھوٹا بیانیہ بنایا جارہاہے کہ لوگوں کو اغواء کیا جارہا ہے ،بتایا جائے کہ کون اغواء ہوا ہے ، آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی کو قائم کرنا ہے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

66
Defense Minister
Defense Minister

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جھوٹا بیانیہ بیانیہ بنایا جارہاہے کہ لوگوں کو اغواء کیا جارہا ہے ،بتایا جائے کہ کون اغواء ہوا ہے ، آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی کو قائم کرنا ہے، اہم ترمیم ہے جتنی مشاورت اور اتفاق رائے ہو زیادہ بہتر ہے، دو تین سال میں ایسے فیصلے آئے جو پارلیمنٹ کی بالادستی پر سوالیہ نشان ہیں تمام جماعتوں کا اتفاق ہے کہ کوئی پارلیمنٹ کی بالادستی پر سمجھوتا نہیں کرنا چاہتا۔ وہ ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آئینی ترامیم کےلیے نمبرز پورے ہیں، ایک متفقہ مسودہ تیار ہوا ہے، کوشش ہے زیادہ سے زیادہ لوگ اس ترامیم کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں آئینی ترمیم پر پیشرفت ہوجائے گی، مولانا فضل الرحمان نے کوئی بڑی ڈیمانڈ نہیں کی ہے۔

صحافی کی جانب سے خواجہ آصف سے سوال کیا گیا کہ کیا سینئر جج منصور علی شاہ ہی اگلے چیف جسٹس ہوں گے؟ جس کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ یہ تو ترمیم بتائے گی کہ کون چیف جسٹس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی کوشش ہے کہ زیادہ تر لوگ اس ترمیم کو مانیں کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر ترامیم نہیں ہوتی ہیں۔تمام پارٹیوں کا اتفاق ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے،بنیادی مقصد ہے کہ پارلیمان بالادست ہو پچھلے دو تین سال میں ایسے فیصلے آئےجو پارلیمنٹ کی بالادستی پر سوال کرتے ہیں اور عدیلہ اپنے کردار کے اندر رہ کر کام کرے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں جو واقعہ ہوا وہ ایک ڈھکوسلہ تھا کہانی بنائی گئی،انہوں نے جھوٹ بنانے کی فیکٹری لگائی ہوئی ہے، تمام لوگ گھروں میں موجود ہیں فون پر بھی رابطے کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ میں مینگل کا احترام کرتا ہوں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کرونگا۔ خبریں آرہی ہے بانی پی ٹی آئی نہیں مانے صحافی کے اس سوال پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آپکو لگتا تھا کہ وہ مان جائیں گے ۔