جیانی انفینٹینو کا فیفا کونسل سے معافی کا اظہار، قیادت کے لئے اہلیت پر سوالات برقرار

جیانی انفینٹینو کا فیفا کونسل سے معافی کا اظہار، قیادت کے لئے اہلیت پر سوالات برقرار

زیورخ۔16اکتوبر (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق کی نجی فرم کو فروخت سے متعلق اپنے خفیہ منصوبے ‘فیفا فارورڈ انٹرپرائز’ پر فیفا کونسل سے معذرت کر لی ہے، تاہم انہیں تمام دستاویزات جاری کرنے اور اہم سوالات کے جوابات دینے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق زیورخ میں ہونے والے کونسل کے اجلاس کے بعد انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن اور فیفا کی نائب صدر ڈیبی ہیوٹ نے کہا کہ جیانی انفینٹینو کی جانب سے اب تک تمام مانگی گئی دستاویزات اور سوالات کے تسلی بخش جوابات فراہم نہیں کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر صدر تمام معلومات اور وضاحتیں فراہم نہیں کرتے تو وہ اس عہدے کے اہل نہیں رہیں گے۔

واضح رہے کہ یورپی فٹبال باڈی یوئیفا بھی اس منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے اور انہوں نے تمام تر دستاویزات کے حصول کے لئے امریکامیں قانونی چارہ جوئی کی بھی تیاری کر رکھی ہے۔ڈیبی ہیوٹ نے مزید کہا کہ دستاویزات سامنے آنے کے بعد ہی یہ طے کرنے میں مدد ملے گی کہ منصوبے میں کیا ہوا اور آیا اس معاملے میں قانونی کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیانی انفینٹینو کی معذرت کے باوجود ان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

یورپی فٹ بال کی نگران تنظیم یوئیفا بھی جیانی انفینٹینو کی سخت ناقد رہی ہے اور ان سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ تنظیم نے متنازع منصوبے سے متعلق دستاویزات کے حصول کے لیے امریکی عدالتوں میں بھی قانونی کارروائی شروع کی ہے۔تنازع نے فیفا کی قیادت، مالی شفافیت اور رکن تنظیموں کے سامنے جواب دہی کے معاملات کو ایک بار پھر عالمی فٹ بال کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

مزید خبریں