جیتنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، ساجد خان

112
جیتنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، ساجد خان

ملتان۔ 26 جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتورا کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ساجد خان نے کہا کہ سعود شکیل پہلے بھی اچھا کھیلا ہے،ابھی پچ پر موجود ہے،محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے بیٹنگ کیلئے ابھی آنا ہے،امید ہے کہ پچ پر موجود اور آنے والے بلے باز اچھی اننگز کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچ مشکل ہے یہاں بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہے،لیکن نئےبال سے اس وکٹ پر بہت کچھ ہے،بیس پچیس اوورز کے بعد بال تھوڑا پرانا ہوجاتا ہے اور آسان ہو جاتا ہے،بال پرانا ہونے سے اتنا زیادہ ٹرن نہیں ہوتا

،اب ماڈرن کرکٹ ہے ایسا بالکل نہیں ہے کہ ٹیل اینڈر کو بیٹنگ نہیں آتی،اب وہ دور نہیں ہے کہ چھ سات آئوٹ کر لیے تو نیچے والوں کو بیٹنگ نہیں آتی،ابھی ناممکن نہیں ہے ہم اس میچ کو جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔بابر اعظم کے آوٹ ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ساجد خان نے کہا کہ کوئی جان بوجھ کر آؤٹ نہیں ہوتا،بدقسمتی سے بابر اعظم آوٹ ہو گئے،بابر اعظم ایک بہترین ورلڈ کلاس پلیئر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا رزلٹ نہیں آرہا تھا،لوگ دیکھنے نہیں آتے تھے،اب ان پچز سے رزلٹ آرہا ہے ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کررہے ہیں، جیت ہار کھیل کا حصہ ہوتا ہے۔