ٹیسٹ کرکٹ، جیت کیلئے پاکستان کو 178 رنز، ویسٹ انڈیز کو 6وکٹیں درکار

ملتان۔ 26 جنوری (اے پی پی):ملتان میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک چار وکٹوں کے نقصان پر76 رنز بنا لئے۔ اتوار کو ٹیسٹ کے دوسرے روز سعود شکیل 13 اور کاشف علی ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں،پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے مزید 178 رنز جبکہ ویسٹ انڈیز …

ملتان۔ 26 جنوری (اے پی پی):ملتان میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک چار وکٹوں کے نقصان پر76 رنز بنا لئے۔ اتوار کو ٹیسٹ کے دوسرے روز سعود شکیل 13 اور کاشف علی ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں،پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے مزید 178 رنز جبکہ ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں کی ضرورت ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا،دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں چار وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنا لئے۔254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا،اوپنر بلے باز کپتان شان مسعود اور محمد ہریرہ دو،دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کامران غلام 19 اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،سعود شکیل 13 اور کاشف علی ایک سکور کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیون سینکلئرنےدو جبکہ جومل واریکن اور گڈاکیش موتی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم نے پہلی اننگز کی 9رنز کی برتری کے ساتھ پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا۔دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر میکائل لوئس اور کپتان کریگ براتھ ویٹ نے 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی،ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب میکائل لوئس سات رنز کے انفرادی سکور پر نعمان علی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان کپتان کریگ براتھ ویٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعی سکور 92 تھا،وہ 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،عامر جنگو 30رنز، کیوم ہوج 15،ایلک اتھانزے 6، جسٹن گریوز 10، کیون سنکلیئر 28، ٹیون املاچ 35 جبکہ گڈاکیش موتی اور جومل واریکن 18، 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان نے چار ،چار جبکہ ابرار احمد اور کاشف علی نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جیت کر پاکستان کو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے۔دوسرا ٹیسٹ میچ قومی ٹیم کی جیت کی صورت میں ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم اگر مہمان ٹیم جیتی تو سیریز 1-1سے برابر ہو جائے گی۔