پاکستان بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے، چیف جسٹس امین الدین خان

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے، ہمیں اپنے اجداد کی قربانیوں سے آنے والی نسلوں کو روشناس کرانا ہے، پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل موجود ہیں

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے، ہمیں اپنے اجداد کی قربانیوں سے آنے والی نسلوں کو روشناس کرانا ہے، پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل موجود ہیں، ہمارے پاس سب کچھ موجود ہے، صرف توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔یوم آزادی کے موقع پر وفاقی آئینی عدالت میں منعقدہ پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا، ہمیں ان قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور جدوجہد سے آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنے اجداد کی قربانیوں اور آزادی کی قدر و قیمت سے روشناس رہیں۔چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل موجود ہیں، ہمارے پاس سب کچھ ہے، صرف توجہ کرنے اور ان وسائل کو درست سمت میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے عدالت کے ججز کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا۔چیف جسٹس امین الدین خان نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد بھی پیش کی۔