جیکب آباد کا مسلمان ہونے والا نوجوان عالم بن گیا

119

جیکب آباد۔ 13 جنوری (اے پی پی):جیکب آباد میں عیسائی نوجوان 15سال قبل اسلام سے متاثر ہوکر مسلمان ہوا تھا، اب عالم بن گیا۔ عیسائی گھرانے میں پیدا ہونے والے محمد عمر، جن کا سابقہ نام سجاد مسیح تھا، اس نے 15 سال پہلے جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کے ہاتھ اسلام قبول کیا تھا۔ اسلام قبول کرنے کے بعد محمد عمر نے دینی تعلیم حاصل کرنے کی جستجو کی اور مختلف مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے علم دین حاصل کیا۔

اپنی محنت اور لگن کے ذریعے انہوں نے نہ صرف دین کا علم حاصل کیا بلکہ اپنے والد، والدہ اور تین بہنوں کو بھی اسلام کے دائرے میں داخل کیا۔ نو مسلم محمد عمر کی جدوجہد کا ثمر کل اس وقت سامنے آئے گا جب ان کی دستار بندی جامعہ ابو ہریرہ میں منعقد ہوگی ۔ اس تقریب میں جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع، صوبائی رہنما مولانا زیب اللہ، بنوری ٹاؤن کے استاد الحدیث مولانا زیب جان، مولانا ایوب جان اور دیگر علمائے کرام شریک ہوں گے۔