جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی 5 نومبر تک ملتوی

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 120 ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت بغیر کارروائی 5 نومبر تک ملتوی کر دی

راولپنڈی۔22اکتوبر (اے پی پی):انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 120 ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت بغیر کارروائی 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران سابق چیئرمین کے وکیل فیصل ملک اور پراسیکیوشن کے وکلاء عدالت میں موجود تھے جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی پیش ہوئے۔

تھانہ آر اے بازار میں درج مقدمے میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور سابق وفاقی و صوبائی وزراء شبلی فراز، عمر ایوب اور راجہ بشارت سمیت 120 سے زائد ملزمان نامزد ہیں۔ مقدمے میں ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے جبکہ استغاثہ کے 45 سے زائد گواہوں کے بیانات بھی قلم بند کیے جا چکے ہیں۔ عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔