فیصل آباد۔ 18 دسمبر (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی اور سلمان سوفی فائونڈیشن کے باہمی اشتراک سے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت حاصل کرنے والی طالبات اور فیکلٹی میں سر ٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کی۔
تقریب میں چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد مقصود احمد لون نے خصوصی طور پر شر کت کی۔ وائس چانسلر نے اپنے خیا لات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سلمان صوفی فائونڈیشن کی شکر گزار ہیں جنہوں نے بچیوں کو نہ صرف موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دی بلکہ حوصلہ اور ہمت بھی دی،اس سے طالبات کی محتاجی ختم ہوئی ہےاوروہ بلا خوف و خطر یونیورسٹی میں خود بائیک چلا کر آسکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اچھا اقدام ہے اسے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طالبات اس تربیتی پرگرام سے مستفید ہوکر بااختیار ہوسکیں۔
چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون نے کہا کہ سکول و کالج کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین ٹریفک کے مسائل کا شکار ہیں انہیں اپنی منزل مقصود تک جانے کیلئے انحصار کرنا پڑتا ہے۔اس تربیت سے ان کیلئے آسانی ہو گی، بھائی یا والد کو چھوڑنا پڑتا ہے ان کیلئے آسانی ہوگئی ہے کہ وہ خود بائیک چلا کر آ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی خواتین کیلئے سلمان صوفی فائونڈیشن کا ٹریننگ پروگرام احسن اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر لائسنس کے گاڑی نہ چلائیں،ٹریفک قوانین پر مکمل طور پر عمل کریں۔انہوں نے آگاہ کیا کہ حکومت پنجاب نے ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے طریقہ کار کو آن لائن کر دیا ہے جس سے کوئی بھی گھر بیٹھے اپلائی کرسکتا ہے۔
چیف ڈویلپمنٹ آفیسر سلمان صوفی فائونڈیشن محسن سلمان بھٹی نے کہا کہ سلمان صوفی فائونڈیشن اب تک ہزاروں خواتین کو بائیک چلانے کی تربیت فراہم کر چکی ہے اور اس کو مزید جاری رکھا جائے گا۔ مس گل ناز انچارج تحفظ مرکز،ایس ایچ او وویمن پولیس اسٹیشن فیصل آبادنے کہا کہ سواری کی مشکل ختم ہوگئی ہے۔ لائسنس لازمی بنوایں اور تمام احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ دوسروں کیلئے مثال بنیں اورآنے والی بچیوں کو بھی اس تربیت سے متعلق آگاہ کریں تاکہ یہ سلسلہ چلتا رہے۔
اس موقع پر بائیک چلانے کی تربیت حاصل کرنے والی لیڈی پولیس اہلکاروں اور یونیورسٹی کی طالبات میں سر ٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔