حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون سے ملاقات

پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین و وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک اہم اور دیرینہ تنازعہ ہے، جس کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں،کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پارلیمانی کشمیر کمیٹی مسئلہ کشمیر کے فروغ، آگاہی پیدا کرنے اور متعلقہ قومی و بین الاقوامی اداروں …

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین و وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک اہم اور دیرینہ تنازعہ ہے، جس کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں،کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پارلیمانی کشمیر کمیٹی مسئلہ کشمیر کے فروغ، آگاہی پیدا کرنے اور متعلقہ قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

حریت کانفرنس کے پریس سیکرٹری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک وفد نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد میں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، مسز شمیم شال، شیخ محمد یعقوب، الطاف احمد بٹ، شیخ عبدالمتین، راجہ خادم حسین اور امتیاز وانی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز اور مسئلہ کشمیر سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ حریت وفد نے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے اور کشمیری عوام مختلف نوعیت کے مسائل اور پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کشمیری عوام کی آواز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھانے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک اہم اور دیرینہ تنازعہ ہے، جس کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کشمیر کاز کے فروغ، آگاہی پیدا کرنے اور متعلقہ قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

اس موقع پر حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے آزاد خطے کی صورت حال کو دانشمندی کے ساتھ حل کرنے سے متعلق وفد کے ارکان کی دستخط شدہ تحریری تجاویز بھی چئیرمین کو پیش کیں۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر کاز کے فروغ، کشمیری عوام کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔اس موقع پر بیرسٹر سندس ملک، ماہر قانون اور انسانی حقوق، ڈاکٹر اسماء شاکر خواجہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر آزاد جموں و کشمیر، اور سید محمد نعمان شاہ، ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں