حساس علاقائی صورتحال میں میڈیا پلیٹ فارمز درست معلومات کے لیے صرف سرکاری بیانات پر انحصار کریں، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری اس امر کی متقاضی ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے ،میڈیا پلیٹ فارمز مناسب احتیاط برتیں، قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات پر انحصار کریں۔

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری اس امر کی متقاضی ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے ،میڈیا پلیٹ فارمز مناسب احتیاط برتیں، قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات پر انحصار کریں۔ ہفتہ کو خطے میں جاری تنازعہ سے متعلق پیش رفت کے بارے میں میڈیا کے سوالات کے جواب میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا پر چلنے والی متعدد رپورٹس ہمارے علم میں آئی ہیں جن میں جاری تنازعہ اور امن و مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں مبینہ نام نہاد سرکاری ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ ہم ان بے بنیاد اور من گھڑت دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہیں جو مبینہ سرکاری ذرائع سے منسوب کیے جا رہے ہیں اس حوالے سے کسی بھی قسم کی نسبت درست نہیں ہے ۔ترجمان نے کہا کہ یہ امر تشویش کا باعث ہے کہ وزارتِ خارجہ میں جمعہ کو ہونے والی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیاہے اور ایسے معاملات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جن پر نہ تو بات ہوئی اور نہ ہی کوئی حوالہ دیا گیا۔اس حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری تقاضا کرتی ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے لہٰذا ہم تمام میڈیا پلیٹ فارمز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مناسب احتیاط برتیں، قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔