حسن ابدال ،مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی،346 سکھ یاتریوں کا گروپ خصوصی بسوں کے ذریعے گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچ گیا
حسن ابدال ،مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی،346 سکھ یاتریوں کا گروپ خصوصی بسوں کے ذریعے گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچ گیا
حسن ابدال۔ 23 جون (اے پی پی):مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں بھارت سے آئے ھوئے 346 سکھ یاتریوں کا گروپ خصوصی بسوں کے ذریعے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گیا۔ گوردوارہ آمد پر مقامی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے یاتریوں کا پرجوش استقبال کیا۔یاتریوں کی حفاظت اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اٹک پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی اور فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان کی خصوصی ہدایات پر 500 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات کیے گئے ہیں جو یاتریوں کی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ضلعی پولیس حکام کے مطابق سکھ یاتریوں کو ان کے قیام کے دوران ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ سکھ یاتریوں کا یہ گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب میں دو روز قیام (23 اور 24 جون) کرے گا اور 25 جون کو یہاں سے واپس روانہ ہوگا۔









