حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبا ت کل شروع ہونگی ، ترجمان

"برصغیر کے عظیم صوفی اور روحانی بزرگ حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 983ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کل بروز اتوار سے شروع ہوں گی، جن میں دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مند شرکت کریں گے۔”

لاہور۔1اگست (اے پی پی):برصغیر کے عظیم صوفی اور روحانی بزرگ علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبا ت کل بروز اتوار سے شروع ہونگی ، دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مندعرس تقریبات میں شرکت کریں گے۔

ترجمان محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے مطا بق2 تا 4 اگست کو منعقد ہونے والے 983ویں سالانہ عرس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ زائرین کی سہولت، رہنمائی، سکیورٹی اور بہترین انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آنے والے ہر عقیدت مند کو پرسکون، محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول میسر آ سکے۔ زائرین کی خدمت، سہولت، صفائی، رہنمائی، پارکنگ، شٹل سروس، لنگر اور سکیورٹی سمیت ہر انتظام کو مثالی بنایا جائے اور کسی بھی زائر کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ترجمان کے مطابق دربار شریف کے آدھے سے زائد حصے، بھاٹی گیٹ صحن اور گیٹ نمبر 1 اور 2 پر جاری تعمیراتی کام کے باعث جامع ٹریفک و داخلہ پلان جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق گلبرگ، ماڈل ٹاون، مال روڈ، گلشنِ راوی، یتیم خانہ اور چوبرجی سے آنے والے زائرین بلال گنج کے راستے گیٹ نمبر 5 اور 5-A جبکہ شاہدرہ، بادامی باغ، لاری اڈہ، بتی چوک، آزادی چوک اور اندرون لاہور سے آنے والے زائرین ذیلدار روڈ بھاٹی چوک کے ذریعے گیٹ نمبر 3 سے داخل ہوں گے، جبکہ خواتین کے لیے افتتاحی تقریب سے قبل گیٹ نمبر 4-A اور تقریب کے بعد گیٹ نمبر 4 مختص ہوگا۔ زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ، وضو اور واش رومز کی سہولیات مینارِ پاکستان، اسلامیہ ہائی اسکول موہنی روڈ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ، سینٹرل ماڈل اسکول ریٹی گن روڈ، اسلامیہ کالج ہال سول لائنز اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن بلال گنج روڈ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ محفلِ سماع رشید ائیرلائنز کمپلیکس (چوک سردار چپل فیکٹری، بلال گنج) میں منعقد ہوگی۔ ترجمان کے مطابق عام لنگر کی تقسیم فرنٹ پیازہ بالمقابل بھاٹی گیٹ، لنگر خانہ اور گیٹ نمبر 3 کے برآمدے میں کی جائے گی، جبکہ گھروں سے لنگر لانے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ٹیکسالی گیٹ، ٹبہ بابا فرید اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزپر شٹل سروس اور نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔ مزید برآں بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے گڑھی شاہو، بادامی باغ، سمن آباد اور چوبرجی چوک سے چار مفت شٹل سروس روٹس فعال رہیں گے، جبکہ اختتامی اور خصوصی دعا ئوں میں شرکت کے لیے فرنٹ پیازہ، پرندہ مارکیٹ اور ٹبہ بابا فرید پر ایل ای ڈی/ایس ایم ڈی اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔

مزید خبریں