وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کی بہتری و استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ملک کو معاشی قوت بنائیں گے،رانا مشہود احمد خان

"چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملکی معیشت کی بہتری، استحکام اور ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور حکومت ملک کو ایک مضبوط معاشی قوت بنائے گی۔”

لاہور۔1اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملکی معیشت کی بہتری، استحکام و ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، حکومت آئینی مدت پوری کرے گی،کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نوجوانوں کو ملک کی تعمیر و ترقی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے،بھارت معرکہ حق میں شکست کا بدلہ پاکستان میں انارکی پھیلا کر لینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو چکا، کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن بھی جیتیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز حلقہ پی پی 172 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن میں جاوید سرور بھٹی، میاں عدنان ثنا اللہ، ملک زیشان، سید عمران علی شاہ، یامین مغل، اکبر، میاں ولید، حافظ ذوہیب، رانا نوشاد، ڈاکٹر فوجی، اظہر چوہدری ، ریاض مغل سمیت دیگر نے شرکت کی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور پوری قوم سبز ہلالی پرچم تلے متحد و یکجان ہے، بھارت معرکہ حق میں عبرتناک شکست کا بدلہ پاکستان میں انارکی پھیلا کر لینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے ،ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی صلاحیت اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے اور آج پوری قوم وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے بننے والا نظام ہی مضبوط اور پائیدار نظام ہوتا ہے، پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ جمہوریت سے وابستہ ہے اور قوم جمہوری راستے پر چلتے ہوئے ملک کو مزید ترقی اور استحکام کی جانب لے جائے گی۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا نام ہی کارکردگی کی علامت ہے، پنجاب میں ترقی کا جو سفر قائد محمد نواز شریف نے شروع کیا تھا، اسے وزیراعظم محمد شہباز شریف، حمزہ شہباز اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کیے اور یہی وجہ ہے کہ عوام کے مسائل کے حل اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے پارٹی کی خدمات سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں،مسلم لیگ (ن) واحد سیاسی جماعت ہے جس نے نوجوانوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کیے اور انہیں ملک کی ترقی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار کیا، حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے مختلف پروگرامز پر کام کر رہی ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ دنیا پاکستان کو امن کے سفیر کے طور پر جانتی ہے اور پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دن رات محنت کرکے پاکستان میں معاشی استحکام کو یقینی بنایا اور انہیں فخر ہے کہ ان کی قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب ملک کو معاشی قوت بھی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے، ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں اور پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شیرکا نشان ترقی، خوشحالی اور استحکام کی علامت ہے اور مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان مخالف قوتیں مختلف سطحوں پر سرگرم عمل ہیں تاہم قوم اتحاد، یکجہتی اور قومی جذبے کے ساتھ ہر سازش کا مقابلہ کرے گی، سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے پوری قوم متحد ہے اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ورکرز کنونشن کے اختتام پر آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے پارٹی ورکرز کو مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں اور انہیں انتخابی عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

مزید خبریں