حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1296ویں سالانہ عرس کا آغاز، گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے افتتاح کیا

ورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1296ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح کر دیا۔

 

کراچی۔ 06 جون (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1296ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح کر دیا۔ ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے اس موقع پر مزارِ اقدس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی ترقی، عوامی خوشحالی، امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔افتتاحی تقریب مزارِ حضرت عبداللہ شاہ غازی، کلفٹن کراچی میں منعقد ہوئی جس میں سیکریٹری اوقاف، متعلقہ حکام، منتظمینِ عرس، زائرین اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر سندھ کی آمد پر ان کا استقبال کیا گیا جبکہ تقریب کے انتظامات اور سکیورٹی امور پر بھی انہیں بریفنگ دی گئی۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مزار پر آنے والے زائرین سے ملاقات کی، ان سے خیریت دریافت کی اور عرس کی تقریبات میں ان کی شرکت کو عقیدت و محبت کے جذبات کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے زائرین کے لئے کئے گئے انتظامات، سہولیات، صفائی، سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ بھی لیا اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔بعد ازاں گورنر سندھ نے سیکریٹری اوقاف اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ مستحق اور نادار افراد میں کپڑوں کی تقسیم بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کی معاونت ہماری اجتماعی اور دینی ذمہ داری ہے اور ایسے مواقع ہمیں انسانیت کی خدمت اور فلاح کے جذبے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازی کی تعلیمات محبت، برداشت، اخوت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام نے ہمیشہ معاشرے میں امن، بھائی چارے، اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا اور آج بھی ان کی تعلیمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اولیائے کرام کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی، برداشت اور مثبت سماجی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔