اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ حقائق سامنے آنے کے خوف سے تحریک انصاف مسلسل مجھے فارن فنڈنگ کیس سے الگ کرنے کی درخواستیں دے رہی ہے،انہیں معلوم ہے کہ میرے پاس اس کیس کے سارے دستاویزی ثبوت موجود ہیں،ہماری طرف سے منگل کو یہ کیس منطقی انجام تک پہنچ جائے گا ،اب فیصلہ الیکشن کمشن نے کرنا ہے۔
پیر کو الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 سال کے بعد منگل کو ہماری جانب سے کیس اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گا،پاکستان الیکشن کمیشن کے پاس یہ تاریخی موقع ہے کہ وہ غیر قانونی فنڈنگ کا فیصلہ کرے، تحریک انصاف اس کے قوانین کو روند چکی ہے،یہ ثبوت سٹیٹ بنک نے دیئے ہیں۔تحریک انصاف کی مجھے اس کیس سے الگ کرنے کی دو درخواستیں آج بھی مسترد ہوئیں ہیں،
آج پھر ایک درخواست اس مقصد کے لئے دی ،یہ غیر قانونی فنڈنگ کو چھپانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی سرٹیفکیٹ ہرسال جمع کرواتے رہے ۔یہ سچائی سامنے آنی چاہییے کہ ہر سیاسی جماعت کو فنڈنگ کہاں سے ہوتی ہے،کیا یہ فنڈنگ قانونی ہے۔اس کے علاوہ کوئی مقصد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک میں قانون کو پوری طرح لاگو کرنے سے الیکشن کمیشن آزادانہ اور بلاخوف وخطر کام کرتا ہے اور پارٹی کی مقبولیت نہیں دیکھتا۔عمران خان حقائق سے فرار چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اگر اپنے غیرقانونی کام چھپاتی ہیں تو بہتری نہیں ہوسکتی۔حکومت آئی ایم ایف پر انحصار کرنے کے ساتھ ساتھ متبادل منصوبے بھی دے تاکہ معیشت کو سنبھالا مل سکے۔