حمزہ شہباز شریف کا وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ، وفاقی وزیر اطلاعات نے مختلف شعبوں اور امور کار پر بریفنگ دی

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے انہیں ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور امور کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے انہیں ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور امور کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے موثر استعمال، پاکستان کے مثبت تشخص اور قومی بیانیہ کو اجاگر کرنے سمیت ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی سی ڈی آمد پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے حمزہ شہباز شریف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام ڈیجیٹل کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی ڈیجیٹل اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے ڈیجیٹل کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے شعبے میں وزارت اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام تک معلومات کی بروقت رسائی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے شعبے میں جاری اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو لائق تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی رابطے اور مؤثر ابلاغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی ڈیجیٹل رسائی کو مزید وسعت دینے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ حمزہ شہباز شریف کو ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے شعبے میں جاری اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں