حکومتِ پنجاب کو ایک دن میں آبیانہ کی مد میں ایک ارب 60 کروڑ روپے کی ریکارڈ وصولی

ای آبیانہ نظام کی کامیابی، محکمہ آبپاشی میں مالی شفافیت اور ڈیجیٹل ریونیو کلیکشن میں اہم پیش رفت

لاہور۔22جون (اے پی پی):پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے محکمہ آبپاشی کیلئے وضع کردہ ای آبیانہ نظام نے مالی شفافیت اور ڈیجیٹل ریونیو کلیکشن میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

15 جون2026 کو ای پے پنجاب کے ذریعے آبیانہ کی مد میں ایک ارب 60 کروڑ روپے کی ریکارڈ وصولی کی گئی،جو 99,866 بلوں کیخلاف حاصل ہوئی۔ ان خیالات کا اظہارپی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پی آئی ٹی بی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل علی رضا خیری، جوائنٹ ڈائریکٹر عثمان وحید و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ دسمبر2020 میں ای آبیانہ نظام کے آغاز سے 17 جون2026 تک ای پے پنجاب کے ذریعے مجموعی طور پر67 لاکھ بلز پروسیس کئے جا چکے ہیں۔اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہاکہ یہ کامیابی وزیرِاعلیٰ مریم نواز کے ای گورننس ویژن اور پی آئی ٹی بی کی تکنیکی مہارت کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ای آبیانہ نظام اور ای پے پنجاب کا انضمام کسانوں کو محفوظ، شفاف اور آسان ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کر رہا ہے،جس سے ریکارڈ مینجمنٹ، بروقت ادائیگی اور ریونیو وصولی کے عمل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔