حکومت الیکٹرک وہیکلز کی تعداد میں اضافے اور اسکے لئے ملک بھر میں وسیع پیمانے پر انفرا سٹرکچر کی تعمیر کی جامع حکمتِ عملی پر عملدرآمد کرے گی،وزیراعظم

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت الیکٹرک وہیکلز کی تعداد میں اضافے اور اسکے لئے ملک بھر میں وسیع پیمانے پر انفرا سٹرکچر کی تعمیر کی جامع حکمتِ عملی پر عملدرآمد کرے گی،پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی پیدا کی ہوئی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا خمیازہ بھگت رہا ہے، حال ہی میں ملک میں 10 ہزار میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کی …

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت الیکٹرک وہیکلز کی تعداد میں اضافے اور اسکے لئے ملک بھر میں وسیع پیمانے پر انفرا سٹرکچر کی تعمیر کی جامع حکمتِ عملی پر عملدرآمد کرے گی،پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی پیدا کی ہوئی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا خمیازہ بھگت رہا ہے، حال ہی میں ملک میں 10 ہزار میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ میں الیکٹرک بسوں کی شمولیت، الیکٹرک وہیکلز کی صنعت و معاون انفراسٹرکچر کی تعمیر اور قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع پر اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو پبلک ٹرانسپورٹ میں الیکٹرک بسوں کی شمولیت کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں. اجلاس کو دنیا بھر میں موجود الیکٹرک بسوں و گاڑیوں کی صنعت اور پاکستان میں اس صنعت کی تعمیر کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی پیدا کی ہوئی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا خمیازہ بھگت رہا ہے ۔حکومت موسمیاتی تبدیلی میں کارگر عناصر کی روک تھام کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر رہی ہے۔ حکومت الیکٹرک وہیکلز کی تعداد میں اضافے اور اسکے لئے ملک بھر میں وسیع پیمانے پر انفرا سٹرکچر کی تعمیر کی جامع حکمتِ عملی پر عملدرآمد کرے گی۔ انہوں نےکہاکہ میں نے حال ہی میں ملک میں 10 ہزار میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔

حکومت پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے کیلئے قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ منصوبے سے نہ صرف موحولیاتی آلودگی کم ہوگی، کم نرخوں پر بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی بلکہ مہنگے ایندھن کی درآمد کم کرکے قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے گا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں الیکٹرک بسوں و گاڑیوں کیلئے صنعت و انفراسٹرکچر کی تعمیر سے نہ صرف پاکستان کے درآمدی بِل میں خاطر خواہ کمی آئے گی بلکہ اس صنعت کی تعمیر سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو اس حوالے سے جامع پلان جلد پیش کرنے اور وزارتِ صنعت و پیداوار، پاور منسٹری اور سرمایہ کاری بورڈ کو اس شعبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں ۔