رواں سال اگست دنیا بھر میں ریکارڈ کا گرم ترین ماہ رہا،عالمی موسمیاتی تنظیم
رواں سال اگست دنیا بھر میں ریکارڈ کا گرم ترین ماہ رہا،عالمی موسمیاتی تنظیم

مزید خبریں
جنیوا۔12ستمبر (اے پی پی):عالمی موسمیاتی تنظیم (ڈبلیو ایم او ) نے بتایا ہے کہ رواں سال اگست دنیا بھر میں ریکارڈ کا گرم ترین ماہ رہا، جس کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے گئے۔ شنہوا کے مطابق عالمی موسمیاتی تنظیم نے نئے موسمیاتی اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی نصف کرہ میں موسم گرما جبکہ جنوبی نصف کرہ میں موسم سرما تقریباً ریکارڈ گرم ترین رہا۔ دریں اثنا، اگست کے دوران آرکٹک اور انٹارکٹک دونوں خطوں میں سمندری برف کی سطح اوسط سے کم رہی۔
مغربی یورپ میں اگست کے دوران شدید گرمی کی لہریں جاری رہیں، جس سے مئی میں شروع ہونے والی غیر معمولی شدید گرمی کا سلسلہ برقرار رہا، جبکہ فرانس، ہنگری، رومانیہ، سربیا اور برطانیہ میں شدید خشک سالی کی صورتحال رپورٹ ہوئی۔وسطی اور مشرقی یورپ کے بڑے حصوں میں بھی اگست کے دوران وسیع پیمانے پر موسم خشک رہا، جو بعض علاقوں میں مئی سے جاری تھا۔ یورپ کے بڑے دریاؤں، جن میں رائن، ڈینیوب، سدرن بگ اور ڈنیپر شامل ہیں، میں پانی کا بہاؤ غیر معمولی حد تک کم رہا۔عالمی موسمیاتی تنظیم کے مطابق ال نینو اگست میں ریکارڈ موسمیاتی صورتحال کی وجوہ میں سے ایک تھا۔
تنظیم نے کہا کہ موسمیاتی پیٹرن نے عالمی سطح پر سمندری طوفانوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بعض ممالک میں شدید بارشوں اور سیلاب کو بھی متاثر کیا۔تنظیم نے بتایا کہ ریکارڈ کے مطابق اب تک کے 10 گرم ترین اگست 2016 کے بعد سے ہی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔






