حکومت اور مسلح افواج کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان کو سفارتی کامیابی ملی،اختیار ولی خان

حکومت اور مسلح افواج کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان کو سفارتی کامیابی ملی،اختیار ولی خان

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا کہ میثاق جمہوریت کی حمایت کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی حالیہ کامیابیاں اتحاد اور تعاون سے حاصل کی گئیں۔ ایک مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی مذاکرات کی تجویز کی حمایت کی اور پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ جیل کی سیاست کے بجائے قومی مفاد پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید قابل قبول ہے لیکن پاکستان کی خودمختاری یا بنیادی قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج نے مل کر ملک کو سفارتی اور تزویراتی کامیابی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ گفتگو کے اختتام پر انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ تنقید سے آگے بڑھ کر مذاکرات کی میز پر بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مذاکرات میں شامل ہونا چاہیے اور جمہوریت کے استحکام اور ملکی مفادات کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔