راجن پور۔ 24 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر معدنیات پنجاب سردار شیر علی خان گورچانی نے کہاہےکہ مسلم لیگ ن کی عوامی جمہوری حکومت وفاق، پنجاب میں اپنی 5سالہ آئینی مدت پوری کرےگی، ملکی ترقی خوشحالی امن سلامتی کے خائف عناصر ڈس انفارمیشن پھیلا کر دراصل اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں، وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت میں ملک معاشی استحکام ترقی خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے، مریم نواز کی قیادت میں پنجاب مثالی صوبہ رول ماڈل بن چکا ہے، جنوبی پنجاب تعمیر وترقی مشن وایجنڈہ ہے ، عوام کو بنیادی سہولیات دہلیز پر باہم پہنچانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے، وعدے کے مطابق جام پور کو ضلع محمد پور دیوان داجل کو تحصیل کا درجہ دینگے۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جام پور میں 3کروڑ کے ترقیاتی منصوبہ جات صرف سٹی کیلے منظور کر لئے گئے ہیں ہفتہ میں ایک دن پی پی 293کے عوام کے مسائل سنوں گا۔ انہوں نےکہا کہ اپوزیشن بےبنیاد افواہیں پھیلا رہی ہے، سانحہ 9مئی کے ذمہ داران کو ہرگز معاف نہیں کیا جا سکتا، 3ماہ کی قلیل مدت میں صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے انقلابی اقدامات متعارف کروائے جن کو اندرون ملک اور بیرون ملک بھی سراہا جا رہا ہے، تعلیم صحت خواتین نوجوانوں کے فلاح و بہبود زراعت آبپاشی انفارمیشن ٹیکنالوجی لوکل گورنمنٹ لائیو سٹاک کے شعبہ جات میں انقلابی اقدامات متعارف کروائے گئے ہیں ،بے روز گاری کے خاتمے کیلئے 30ہزار اساتذہ 3000ہزار سٹاف نرسز بھرتی کی منظوری دی گئی ہے ،جنوبی پنجاب تعمیر وترقی خوشحالی مشن وایجنڈہ ہے،
ضلع راجن پور کوہ سلیمان کے رودکوہیوں کے سیلاب سے محفوظ بنانے کیلئے مرنج ڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے، ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی لاکھوں ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا ،کھیتوں سے منڈیوں تک رسائی فراہم کرکے کسانوں زمینداروں کاشتکاروں کو معاشی طور پر مضبوط و مستحکم بنائینگے، راجن پور میں ماڈل ہسپتال قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، مین انڈس ہائی وے ڈیرہ اسماعیل خان تا ڈی جی خان راجن پور تک سی پیک روٹ 4لین تعمیر کیلئے 31 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ،ستمبر میں ڈی جی خان راجن پور روڈ کی تعمیر کا آغاز ہوگا، جام پور ہمارا گھر ہے سٹی کیلئے 3کروڑ روپے ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دے دی گئی ہے۔