حکومت بلوچستان عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وریندر لعل

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے اجلاس میں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات، طبی خدمات اور شعبۂ صحت کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کوئٹہ۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب اللہ پندرانی، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی طارق شہباز، ڈاکٹر اعجاز علی، منظور شیرازی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس کے دوران ضلع کے دور دراز علاقوں میں قائم بنیادی مراکز صحت بی ایچ یوز میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری، اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو زمینی حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاکہ عوام کو ان کے گھروں کے قریب ہی معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ صحت سے وابستہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دیانتداری اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ فرائض سرانجام دیں تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام مراکز صحت میں ادویات کی دستیابی عملے کی حاضری اور سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔