حکومت تھرمل ذرائع سے مہنگی بجلی کی پیداوار پرخرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کیلئے شمسی توانائی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

66

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت تھرمل ذرائع سے مہنگی بجلی کی پیداوار پرخرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کیلئے شمسی توانائی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے،

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں چینی سفارت خانے کی ناظم الامور پینگ چنکسو کی زیر قیادت چائنہ تھری گور جز انٹرنیشنل، کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل اور اس سے کمرشل آپریشن کے آغاز سے قبل پاکستان کو بجلی کی مفت فراہمی پر چائنہ تھری گور جز انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے ان سے قابل تجدید توانائی کے ذرائع خصوصا ہائیڈل، سولر اور ونڈ کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نےتھرمل ذرائع سے مہنگی بجلی بنانے کیلئے تیل اور گیس کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کے ذخائرکو بچانے کیلئے ملک میں شمسی توانائی کی پیداوار کیلئے دستیاب وسائل کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے چائنہ تھری گورجز کو اس سلسلے میں کم از کم 7000-8000 میگاواٹ بجلی بنانے کیلئے جامع تکنیکی، مالی اور معاشی پلان عید کے بعد پیش کرنے کو کہا۔

بعد ازاں چائنہ تھری گورجز کے وفد نے وزیر اعظم سے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے درکار سرمایہ کاری سائنو شور چائنہ سے حاصل کرنے کیلئے لیٹر آف سپورٹ کی مدت میں توسیع کی درخواست کی۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو 20 جولائی تک نیا LOS جاری کرنے کی ہدایت کی، اور انہیں کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر کے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی،

وفاقی وزیر انجینئیرخرم دستگیر،وفاقی وزیر آبی وسائل سیدخورشیداحمد شاہ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر الدین محمود اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔