حکومت شعبہ صحت کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،سی ای او

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم نے کہا ہے کہ حکومت شعبہ صحت کو بہتر بنانے اور شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور فرائض کی ادائیگی میں غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی

سرگودھا۔ 14 ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم نے کہا ہے کہ حکومت شعبہ صحت کو بہتر بنانے اور شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور فرائض کی ادائیگی میں غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم نے کہا کہ شعبہ ہائے صحت میں بہتری لانا اُن کی اولین ترجیح اور سرگودھا میں ایک بڑا چیلنج ہے۔ اُنہوں نے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دُکھی انسانیت کی خدمت اُن کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ اُنہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے طبی سہولیات کو بہتر بنانے اور بنیادی مراکز صحت (BHUs) کی کارکردگی بڑھانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صحت کے نظام کو متاثر کرنے والے مسائل کے حل کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ سی ای او ہیلتھ اتھارٹی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سرگودھا عوامی صحت اور بنیادی طبی سہولیات سے متعلق اہم فرائض سر انجام دیتے ہیں جن میں بنیادی مراکز صحت کی نگرانی، ویکسینیشن پروگرام، بیماریوں کی روک تھام، عوامی صحت کے اقدامات اور فیلڈ ہیلتھ سروسز شامل ہیں۔ بنیادی طبی سہولیات کے مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم نے کہا کہ ضلعی، تحصیل اور دیہی ہسپتالوں میں مریضوں کے طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خدمات کی فراہمی کوبہتر بنانا اور عوامی صحت سے متعلق مسائل کا حل اُن کی ترجیح رہے گا۔