حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے،زیادہ سےزیادہ ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بدھ کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فنانس ڈویژن میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ذریعے وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت و پیداوار، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ کو وزیر اعظم کے ریلیف پیکج کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ذریعے پانچ ضروری اشیاء (دالیں، آٹا، چینی، چاول اور گھی) پر سبسڈی فراہم کی گئی۔

اجلاس میں معاشرے کے نچلے طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ اور غیر ٹارگٹڈ عناصر پر مشتمل ایک جامع ماڈل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سبسڈی کے مالی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے موجودہ حکومت کے غریبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور ان کی کفالت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور زیادہ سے زیادہ معاونت کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔