حکومت ملکی ترقی اور بہتری کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہے، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی بہتری اور ترقی کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہے‘ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین اپنی بدعنوانی سے حاصل کی گئی دولت بچانے کے لئے احتساب کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں لیکن حکومت ان سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرانے کے لئے احتساب کا عمل جاری …

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی بہتری اور ترقی کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہے‘ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین اپنی بدعنوانی سے حاصل کی گئی دولت بچانے کے لئے احتساب کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں لیکن حکومت ان سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرانے کے لئے احتساب کا عمل جاری رکھے گی۔ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بدعنوانی اور لوٹ مار کرنے والوں کو این آر او نہیں دیں گے۔ وہ ان کے خلاف احتساب کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بدعنوانی کے مقدمات میں اشتہاری قرار دیا ہے ‘ انہیں اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے وطن واپس آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے 30 سال تک ملک میں حکومت کی اور قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا‘ اب دونوں پارٹیوں کی قیادت اپنی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے بارے میں جواب دینے کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام قومی اداروں کے خلاف نواز شریف کے بیانیہ کی حمایت نہیں کریں گے۔