ریونیو ریکارڈ کی فراہمی میں مکمل شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور

لاہور میں اے ڈی سی آر حافظ کریم داد چغتائی کی زیر صدارت کھلی کچہری، شہریوں کی 33 مختلف درخواستوں پر سماعت اور موقع پر احکامات جاری۔

لاہور۔24اگست (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہورحافظ کریم داد چغتائی کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی33 مختلف درخواستوں پر سماعت کی گئی، سماعت کے دوران شہریوں نے جمع بندی، زمین کی تقسیم، نشاندہی، انتقال، وراثت اور جائیداد سے جڑے دیگر پیچیدہ مسائل کے حوالے سے اپنی شکایات پیش کیں، جس پر اے ڈی سی آر نے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے متعدد متفرق درخواستوں کا فیصلہ سنایا۔ حافظ کریم داد چغتائی نے اس موقع پر واضح کیا کہ ریونیو ریکارڈ کی فراہمی میں مکمل شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد انتظامیہ اور عوام کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے بلاوجہ چکر نہ لگانے پڑیں اور ان کے زیر التوا کیسز کا فیصلہ قانون اور میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد ممکن ہو سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے اور سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ شہریوں کی جائیداد کا تحفظ اور ریونیو ریکارڈ کی مکمل درستگی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس کچہری کے دوران ریونیو افسران اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی کہ وہ زیر التوا درخواستوں کو نمٹانے کے عمل میں تیزی لائیں۔

مزید خبریں