سمال شاپ کیپرز سکیم وزیراعظم کے وژن اور ہدایات کے مطابق تیار کی گئی ہے ،وزیرمملکت خزانہ بلال اظہرکیانی کاایف بی آرمیں اجلاس سے خطاب

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ سمال شاپ کیپرز سکیم وزیراعظم کے وژن اور ہدایات کے مطابق تیار کی گئی ہے اوریہ سکیم تاجروں کے لئے شرکت کرنے، اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کا ایک تاریخی موقع ہے۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ سمال شاپ کیپرز سکیم وزیراعظم کے وژن اور ہدایات کے مطابق تیار کی گئی ہے اوریہ سکیم تاجروں کے لئے شرکت کرنے، اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کا ایک تاریخی موقع ہے۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں سمال شاپ کیپرز سکیم (ریٹیلر سکیم)سے متعلق فالو اپ آگاہی اجلاس میں کہی ۔ اجلاس میں شرکا ء نے بالمشافہ اور زوم کے ذریعے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ ریٹیلر سکیم کی بنیادی خصوصیات جن میں رجسٹریشن کا آسان طریقہ کار، ادائیگی کے لچکدار آپشنز اور چھوٹے تاجروں کے لئے ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو آسان بنانے کے لئے تیار کردہ خصوصی عملی فریم ورک شامل ہے، کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر مملکت نے اسے ملک کی 79 سالہ تاریخ کی سب سے آسان سکیم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سکیم وزیراعظم پاکستان کے وژن اور ہدایات کے مطابق تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے اسے تاجروں کے لیے شرکت کرنے، اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کا ایک تاریخی موقع قرار دیا۔وزیر مملکت کے موقف کی تائید کرتے ہوئے ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے اس اقدام کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ چھوٹے دکاندار محض ایک فیصد ٹرن اوور ٹیکس ادا کرکے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں اور اپنی قانونی ذمہ داری پوری کر سکتے ہیں۔

انہوں نے تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ رجسٹرڈ گرین پلیٹس غیر ضروری ٹیکس وصول کنندگان کی جانچ پڑتال سے تحفظ فراہم کریں گی تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ تعاون نہ کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔تقریب کے دوران شرکاء کو ایف بی آر کے ڈیجیٹل نظام کا براہ راست عملی مظاہرہ دکھایا گیا جس میں ایک مخصوص ویب پورٹل اور آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے لئے موبائل ایپس شامل ہیں۔ شرکا ء نے سوال و جواب کے سیشن میں بھی حصہ لیا جس میں ٹیکس کے تعین اور رجسٹریشن سے متعلق سوالات کے جوابات دیئے گئے۔

تاجر رہنمائوں نے آسان بنائے گئے ڈیجیٹل ذرائع کا خیرمقدم کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ وہ مشاورتی عمل میں مسلسل شریک رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر مملکت بلال اظہرکیانی کی جانب سے پیش کئے گئے حکومت کے آسان اور سہل وژن کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ گزشتہ ہفتے سکیم کے باضابطہ آغاز کے بعد منعقد ہونے والے اس اجلاس میں ایف بی آر کی اعلی قیادت کے علاوہ اہم تجارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی جن میں آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری شامل تھے۔