مغوی آیت نور کی تلاش کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ملک عدیل اقبال

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال نے کہا ہے کہ اغواء ہونے والی ساڑھے چار سالہ بچی آیت نور کی تلاش کیلئے ڈی پی او ہری پور اور مقامی پولیس کی جانب سے بھرپور کوششیں جاری ہیں تاہم تاحال کوئی ٹھوس سراغ نہیں مل سکا

ہری پور۔ 24 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال نے کہا ہے کہ اغواء ہونے والی ساڑھے چار سالہ بچی آیت نور کی تلاش کیلئے ڈی پی او ہری پور اور مقامی پولیس کی جانب سے بھرپور کوششیں جاری ہیں تاہم تاحال کوئی ٹھوس سراغ نہیں مل سکا۔ ملک عدیل اقبال کے مطابق انہوں نے آئی جی خیبر پختونخوا اور ڈی آئی جی ہزارہ سے تفصیلی رابطہ کیا ہے جس میں کیس کی پیش رفت اور جدید تکنیکی مہارت سمیت اعلیٰ سطحی ٹیموں کی معاونت کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے بھی معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس پر وزیراعلیٰ نے کیس کو جلد از جلد حل کرنے اور صوبائی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ملک عدیل اقبال نے کہا کہ آیت نور صرف اپنے والدین ہی کی نہیں بلکہ پورے ہری پور کی بیٹی ہے اس کی بحفاظت واپسی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور تلاش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

 

مزید خبریں