ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ کا پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کے دفتر کا دورہ، ملاوٹ مافیا کے خاتمے کا عزم

پنجاب فوڈ اتھارٹی میں بطور ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ چارج سنبھالنے کے بعد اعجاز احمد نے پی ایف اے راولپنڈی کے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا

راولپنڈی۔ 24 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی میں بطور ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ چارج سنبھالنے کے بعد اعجاز احمد نے پی ایف اے راولپنڈی کے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے آپریشنز ونگ، پبلک ریلیشنز (پی آر) ونگ، لائسنسنگ ونگ، ٹریننگ ونگ اور میڈیکل اسکریننگ ونگ لیبارٹری سمیت تمام شعبہ جات کے کام کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران تمام ونگز کے سربراہان نے ڈائریکٹر آپریشنز کو اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی اور ورکنگ کے حوالے سے تفصیلی اورینٹیشن بریفنگ دی۔

اعجاز احمد نے تمام ونگز کی کارکردگی اور اعلیٰ انتظامات کو سراہتے ہوئے افسران و عملے کو محنت اور لگن سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اعجاز احمد نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا رہا جائے گا اور انسانی صحت سے کھیلنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پنجاب کو ملاوٹ مافیا سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔