پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں خطاطی نمائش کا انعقاد

پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شاندار خطاطی نمائش کا انعقاد کیا گیا

راولپنڈی۔ 24 اگست (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شاندار خطاطی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ پیر کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سی ایم آئی ٹی راجہ محمد حنیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات ہمارے لیے کامل رہنمائی کا ذریعہ ہیں جبکہ خطاطی جیسے فنون اسلامی تہذیب و ثقافت کے حسین پہلوؤں کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے فنکاروں اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔نمائش میں معروف سینئر آرٹسٹ عظیم اقبال کے تخلیق کردہ فن پارے پیش کیے گئے جن میں خوبصورت خطاطی کے ذریعے قرآنِ کریم کی آیات، اسمائے مبارکہ اور نعتیہ و اسلامی کلام کو فنکارانہ انداز میں اجاگر کیا گیا۔

نمائش نے اسلامی فنونِ لطیفہ اور خطاطی سے دلچسپی رکھنے والے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیا جبکہ حاضرین نے فن پاروں کی فنی مہارت، خوبصورتی اور روحانی اثر کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی محمد شکور نے مہمانِ خصوصی، معزز مہمانوں، فنکار اور نمائش میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر ایسی نمائشوں کا انعقاد نئی نسل کو اسلامی فنون، تہذیب و ثقافت اور حضور اکرم ﷺ سے محبت کے جذبات سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے سینئر آرٹسٹ عظیم اقبال کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی آئندہ بھی فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسی بامقصد تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گی۔