حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد ۔ 17 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور بہت جلد پاکستان پولیو فری ملک بن جائے گا ۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عوام پر زور دیا …

اسلام آباد ۔ 17 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور بہت جلد پاکستان پولیو فری ملک بن جائے گا ۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ ملک میں پولیو کے مکمل خاتمہ اور آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک مستقبل دینے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی حکومت کی پولیو کے خلاف جاری بھرپور مہم کی وجہ سے بہت جلد پاکستان پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبوں، مذہبی اسکالرز ، میڈیا اور والدین کو بھی پولیو سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بحیثیت معاشرہ ہم مل کر اس بیماری کو شکست دے سکتے ہیں اور پولیو کے باعث پیدا ہونے والے مسائل اور معذوریوں کا خاتمہ کرکے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔