حکومت نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی اینڈیور گروپ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سوچ پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرکات ہیں

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سوچ پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرکات ہیں، حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دے رہی ہے۔منگل کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اینڈیور گروپ کے وفد نے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، حکومت انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سوچ پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرکات ہیں، حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دے رہی ہے۔

وزیر اعظم نے وفد کو بتایا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا گیا ہے جس میں سٹارٹ اپس کے لئے ہرممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں ، آئی ٹی پارک کو اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے موثر اشتراک سے جدید آئ ٹی ایکو سسٹم کا مرکز بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے اینڈیور گروپ کے عالمی تجربے اور پاکستان میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کامیاب کاروباری اداروں کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان میں سٹارٹ اپس اور کاروباری اداروں کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔وزیراعظم نے اینڈیور گروپ پر زور دیا کہ وہ پاکستانی کاروباری افراد کی استعداد کار بڑھانے، ان کی عالمی سطح پر رہنمائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے روابط کے فروغ میں اپنا کردار مزید موثر بنائے۔وفد کے شرکا نے وزیراعظم کو اینڈیور گروپ اور اس کے پاکستان میں آپریشنز بارے بریفنگ دی ۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اینڈیور گروپ ایک فلاحی اور غیر منافع بخش ادراہ ہے جو دنیا بھر میں انتہائی موثر انٹرپرینیورز کو پالیسی رہنمائی اور کنسلٹنسی فراہم کرتا ہے ۔ پاکستان میں یہ ادارہ 2022ء سے کام کر رہا ہے اور گزشتہ چار سال میں انھوں نے ایک جامع نظام کے بعد 8 پاکستانی سٹارٹ اپس کو منتخب کر کے رہنمائی اور معاونت فراہم کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں