پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے، باہمی تعاون اور ایک دوسرے سے سیکھنے کے عمل کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں ، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد اور نئے دور میں قریب تر چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے
پاکستان اور چین تجربات کے تبادلے، باہمی تعاون اور ایک دوسرے سے سیکھنے کے عمل کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں،پاکستان میں چین کے سفیر کاعالمی مکالمہ سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے، باہمی تعاون اور ایک دوسرے سے سیکھنے کے عمل کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں ، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد اور نئے دور میں قریب تر چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا میڈیا گروپ، پاکستان میں چینی سفارتخانے اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے اسلام آباد میں چین کی گورننس اور عالمی ترقی کے موضوع پر عالمی مکالمے کے پاکستان سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت وجیہہ قمر، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ سمیت دونوں ممالک کے سرکاری، علمی، صحافتی اور کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریبا 100 نمائندوں نے شرکت کی۔شرکا ء نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس کے اہم نکات، چین کے طرز حکمرانی کے تجربات اور پاکستان چین عملی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔
چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ چین کے طرز حکمرانی کو سمجھنے کے لئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے اندرونی نظم و نسق اور اس کے طریقہ کار کو سمجھنا ضروری ہے، چین کے امور کو کامیابی سے چلانے میں پارٹی اور اس کے تمام شعبوں میں جامع اور سخت خود احتسابی اور نظم و نسق بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں کل رکنی اجلاس میں پارٹی کے تمام شعبوں میں جامع اور سخت خود احتسابی کے مسلسل نفاذ سے متعلق اہم فیصلہ منظور کیا گیا جس میں صدر شی جن پنگ کے پارٹی کی تنظیمی تعمیر سے متعلق نظریات پر عملدرآمد اور پارٹی کے اندر نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے رہنما اصول وضع کئے گئے ہیں، شی جن پنگ کے پارٹی کی تنظیمی تعمیر سے متعلق نظریات نہ صرف چین میں کمیونسٹ پارٹی کی رہنمائی کرتے ہیں بلکہ دنیا کی دیگر سیاسی جماعتیں بھی ان کے تجربات سے استفادہ کر سکتی ہیں۔چینی سفیر نے بتایا کہ پانچویں کل رکنی اجلاس کے اختتام کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ بین الاقوامی روابط کے سربراہ لیو ہائی شنگ نے ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران پاکستانی حکام کے ساتھ پارٹی کے اندرونی نظم و نسق، خود احتسابی اور ملکی حکمرانی کے تجربات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی تہنیتی پیغامات ارسال کئے اور صدر شی جن پنگ کے ان نظریات کو سراہا۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے ویڈیو خطاب میں کہا کہ آج کے چین کو سمجھنے کے لئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو سمجھنا ضروری ہے، پانچویں کل رکنی اجلاس میں پارٹی کے تمام شعبوں میں جامع اور سخت خود احتسابی کے مسلسل نفاذ کے لئے جامع لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں حکومتوں کے عروج و زوال کے تاریخی تسلسل سے نکلنے کے دو راستوں، یعنی عوامی نگرانی اور خود احتسابی، کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک صدی سے زائد عرصے سے قائم جماعت کے اپنی صفوں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار ہے۔ شین ہائی شیونگ نے چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے عالمی رائے عامہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے عملی تجربات دنیا کے سامنے طرز حکمرانی کا ایک ایسا نمونہ پیش کرتے ہیں جو مغربی طرز حکمرانی سے مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ اپنے کثیر لسانی پلیٹ فارمز کے ذریعے اس موضوع پر معیاری پروگرام تیار کرے گا، بین الاقوامی مکالمے کے مواقع فراہم کرے گا اور دنیا کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے حکمرانی کے تجربات سے روشناس کرائے گا، اس مقصد کے لئے ثقافتی اور ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں کے ذریعے مختلف ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ 1972 سے اب تک متعدد مرتبہ چین کا دورہ کر چکے ہیں اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں ملک میں آنے والی تاریخی تبدیلیوں کا خود مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صدی سے زائد تاریخ اور 10 کروڑ سے زیادہ ارکان رکھنے والی اس جماعت نے عوامی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا اور تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی۔انہوں نے کہا کہ چین میں یکے بعد دیگرے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا اور مختلف علاقوں کی متوازن ترقی کو فروغ ملا۔ چین نے تقریبا 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی اور کئی دہائیوں تک تیز رفتار اقتصادی ترقی کا سفر جاری رکھا۔ ان کے مطابق پارٹی کے اندر مسلسل اصلاحات، معاشرے میں اتفاق رائے پیدا کرنے اور باہمی فائدے کو ترجیح دینے کی صلاحیت نے ان کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ جامع اور سخت پارٹی خود احتسابی اور ملکی حکمرانی کے چینی تجربات ترقی پذیر ممالک کے لئے قابل استفادہ ہیں۔ پاکستان اور چین آزمودہ دوست اور ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی اپنی مثال آپ ہے۔
پاکستان کو چین کے تجربات سے سیکھتے ہوئے اپنے قومی حالات اور ضروریات کے مطابق ادارہ جاتی اور تعلیمی اصلاحات کو آگے بڑھانا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے کردار کو سراہتے ہوئے مزید چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک تجارت کے حجم میں اضافہ کریں گے، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے اور دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید متوازن بنائیں گے۔تقریب میں چائنا میڈیا گروپ کی نمائندہ ہو پنگ پنگ نے شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی تحفظ کی مثالوں کے ذریعے چین کے طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ جامع اور سخت پارٹی خود احتسابی سے ریاستی حکمرانی کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔پاکستانی شرکا نے ملک کی ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی، صحافتی اور صنعتی تناظر میں اس امر پر تبادلہ خیال کیا کہ گلوبل ساوتھ کے ممالک چین کے ترقیاتی اور حکمرانی کے تجربات سے کس طرح استفادہ کر سکتے ہیں۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکمرانی کا کوئی ایک ماڈل تمام ممالک کے لئے یکساں طور پر موزوں نہیں ہو سکتا
بلکہ ہر ملک کو اپنے قومی حالات اور ضروریات کے مطابق ترقی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، تاہم تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ ترقی کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔







